مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جانب سے آئندہ ہفتے سے باقاعدہ سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن آئندہ ہفتے سے باقاعدہ سیاسی سرگرمیاں شروع کرے گی، پارٹی قائد نواز شریف سب سے پہلے مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، چوہدری نثار علی خان اور شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کا امکان ہے جب کہ سردار مہتاب احمد خان سمیت ناراض ن لیگیوں سے ملاقاتوں کے لیے مشاورت بھی شروع کردی ہے۔بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم کی دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتوں کا شیڈول بھی طے کیا جا رہا ہے، جس میں نواز شریف کی حالیہ حلیف جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتوں کو ترجیح دی جائے گی۔
ادھر مسلم لیگ ن کے رہنماء سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ہمارے راستے میں قانونی نہیں بلکہ جو غیر قانونی رکاوٹیں حائل کی گئی تھیں وہ اب ریت کی دیواریں ثابت ہورہی ہیں، نواز شریف کے ساتھ کھلی واضع واشگاف اور دو ٹوک ناانصافیاں کی گئیں جو ایک ایک کرکے دور ہوجائیں گی اور وہ سیاست میں اپنا واضح کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی جہاں تک بات ہے تو 2002ء میں نواز شریف الیکشن نہیں لڑسکے، 2008ء میں نواز شریف کو الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا، 2013ء میں آصف زرداری صدر تھے اور ان کے ہوتے ہوئے الیکشن ہوئے، 2018 میں پھر نواز شریف الیکشن نہیں لڑسکے، ان کو جیل میں ڈالا دیا گیا تھا تو کیا یہ سب لیول پلیئنگ فیلڈ تھا۔ ن لیگی سینٹر نے مزید کہا کہ نواز شریف نے رسہ کشی اور جنگ و جدل کا بیانیہ نہیں اپنایا، ان کے چار سالہ دور میں چائے کی پیالی میں ڈان لیکس کا طوفان اٹھایا گیا، ایک ریجیکٹڈ کی ٹویٹ بھی کی گئی لیکن نواز شریف چلتا رہا، اب پھر نواز شریف نے مینار پاکستان پر بھی کہا ہے کہ سب کو مل کر بیٹھنا اور صدق دل سے کوشش کرنا ہوگی تب ہی پاکستان آگے چل سکتا ہے۔